مستقل مزاجی کردار کی آہنی خصوصیت ہے ۔مستقل مزاجی آدمی کے لیے ایسے ہی ہے جیسے فولاد کے لیے کاربن ہوتاہے ۔یہ قطعی طورپر ناقابل تقسیم خصوصیت ہے جو زندگی میں تمام عظیم کامیابیوں کے لیے لازم وملزوم ہے ۔
اور اب یہاں پر آپ کے لیے مستقل مزاجی اور کامیابی کے عظیم راز پیش خدمت ہیں :
اگر آپ کامیابی کی تلاش میں آگےکی طرف بڑھ رہے ہیں تو اپنے تحت الشعوری ذہن کو پیشگی ان دھچکوں اور مایوسیوں کے لیے مستقل مزاج بنائیں جن کاآپ کو سامنا ہوسکتاہے ۔پیشگی فیصلہ کریں کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے آپ ہمت نہیں ہاریں گے ۔
جب کوئی مشکل یا پریشانی آپ پر غالب آجاتی ہے تو عام طورپر آپ کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ خود میں ضروری مستقل مزاجی پیدا کرسکیں جو دھچکوں اور مایوسی سے نمٹ سکے ۔لیکن اگر آپ پہلے سے زندگی کے نشیب وفراز کے حوالے سے خود کو تیارکرلیں تو تب جو نشیب و فراز آئیں گے تو نفسیاتی طورپرآپ ان کے لیے تیار ہوں گے ۔
کسی بھی مشکل اور مایوسی کی صورت میں مستقل مزاج رہنے کا حوصلہ ایک ایسی خوبی ہے جو کسی بھی دوسری چیزکے مقابلے میں آپ کی کامیابی کی زیادہ ضمانت دے گی۔آپ کا عظیم ترین اثاثہ آپ کی یہ آمادگی ہوگی کہ آپ کسی بھی دوسرے کے مقابلے میں زیادہ دیر تک ڈٹے رہیں گے۔درحقیقت آپ کی مستقل مزاجی ہی اس بات کا پیمانہ ہے کہ آپ کامیابی کے حصول کے لیے خود پر اور اپنی قابلیت پر کتنا یقین رکھتے ہیں۔
یادرکھیں کہ پوری زندگی ایک امتحان ہے ۔اگر آپ عظیم کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو مستقل مزاجی کا امتحان پاس کرنا ہوگا۔یہ امتحان اکثر ایک مقبول سوال ہوتا ہے۔ یہ کسی بھی وقت آسکتا ہے اور عام طورپر مکمل طورپر غیرمتوقع اور نامعلوم جگہ سے آتا ہے ۔ آپ کی مستقل مزاجی کا امتحان اس وقت ہوتاہے جب آپ کو زندگی میں کسی غیرمتوقع مشکل ، مایوسی ، دھچکے ، ناکامی اور بحران کا سامنا ہوتاہے ۔
یہی وہ مقام ہوتاہے جہاں آپ خود کو اور دنیا کو دکھاتے ہیں کہ آپ حقیقت میں کس چیز سے بنے ہیں ۔عظیم فلسفی ایپک تیتس نے ایک مرتبہ لکھا تھا:
’’حالات انسان کو نہیں بناتے ۔یہ بس اسے بے نقاب کرتے ہیں ۔‘‘
آپ کی زندگی میں ایک ناگزیر چیز ہر وقت اور مسلسل بحران ہیں ۔اگرآپ ایک مصروف زندگی گزاررہے ہیں تو آپ کو ہر دو سے تین ماہ کے بعد ایک بحران کاسامنا ہوگا۔ ان بحرانوں کے بیچ مشکلات اور مسائل کاایک نہ رکنے والا سلسلہ ہوگا، اور یوں آپ جتنا اپنے اہداف کی جانب بڑھنے کی کوشش کریں گے ، جتنے بڑے آپ کے خواب ہوں گے اور جتنے زیادہ آپ کروڑپتی بننے کے لیے پرعزم ہوں گے اتنی ہی مشکلات اور بحرانوں کا آپ کو سامنا ہوگا۔
اس سلسلے میں آپ جس واحد چیزپر کنٹرول کرسکتے ہیں وہ آپ کاان مشکلات اور مسائل پر ردعمل دینا ہے۔اس سلسلے میں اچھی خبر یہ ہے کہ آپ جتنی بار مثبت اور تعمیری انداز میں ردعمل دیں گے ، اتناہی اپنے ان بحرانوں اورمشکلات سے نمٹنے کے حوالے سے آپ مضبوط تر ، بہتر اور مزید قابل ہوں گے ۔
آخرکار آپ کی زندگی میں ایک ایسا مقام آئے گا کہ آپ قطعی طورپر نہ رکنے والے ہوں گے ۔آپ فطرت کی طاقت کی طرح ہوجائیں گے ۔آپ ناقابل مزاحمت ہوں گے۔ آپ اس قسم کا فرد بن جائیں گے جو ہمت نہیں ہارتا چاہے کیسی بھی مشکل کیوں نہ ہو۔آپ کے راستے میں کوئی بھی رکاوٹ آجائے ، آ پ اس کو عبور کرنے کا کوئی نہ کوئی طریقہ تلاش کرلیں گے ۔آپ اس کے اوپر سے گزرجائیں گے یا نیچے سے یا دائیں بائیں سے نکل جائیں گے ۔آپ ٹی وی کمرشلز کے توانائی سے بھرپور خرگوش ’’انرجائزر بنی ‘‘ کی طرح ہوجائیں گے ۔آپ بڑھتے رہیں گے ، بڑھتے رہیں گے ، بڑھتے رہیں گے۔