طویل عمری اور جسمانی صحت کے حوالے سے ہم انسانی تاریخ کے شاندار ترین دور میں جی رہے ہیں ۔ آج آپ ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ لمبی اور بہتر زندگی جی سکتے ہیں ۔آپ کوعزم کرنا چاہیے کہ80 سال ، 90 سال ،یہاں تک کہ 100 سال تک زندہ رہیںگے اور وہ بھی کہیں زیادہ اچھی صحت کے ساتھ ، اور اگر آپ فیصلہ کرلیں تو آپ یقیناًایسا کرسکتے ہیں ۔
سب سے پہلے ایک ہدف بنائیں کہ آپ نے کم ازکم 80سال زندہ رہنا ہے ۔
اس کے بعد صحت کے حوالے سے اپنی موجودہ عادات کو دیکھیں اور خود سے پوچھیں کہ آیا آپ جس طریقے سے زندگی گزاررہے ہیں ، کیا آپ 80سال تک پہنچ سکیں گے اور وہ بھی اچھی صحت کے ساتھ۔
ایک طویل ، خوش وخرم اور صحت مند زندگی جینے کی تین کنجیاں ہیں ۔
اول ، مناسب جسمانی وزن ۔ایک ہدف مقرر کریں کہ آپ اپنا صحت مند وزن برقراررکھیں گے اور تازندگی دبلے پتلے اور متحر ک رہیں گے ۔وز ن کم کرنے اور جسمانی صحت کو برقرار رکھنے کا چارلفظی فارمولا یہ ہے:
کم خوراک ، زیادہ ورزش۔
دوئم ، دوسری کنجی مناسب خوراک ہے جبکہ مناسب خوراک کی کنجی یہ ہے کہ اچھی خوراکیں کھائیں اور کم مقدار میں کھائیں ۔بغیر چکنائی کے گوشت ، پھل اور سبزیاں کھائیں ۔اپنی زندگی سے میٹھے کھانے ، سافٹ ڈرنکس ، کینڈی اور اسی قسم کی دیگر چیزیں جن میں مٹھاس ہو، سرے سے نکال دیں ۔زیادہ نمک مت کھائیں اور چوکر کےبغیر آٹاکھانا بھی چھوڑ دیں ۔ ایک بڑاکھاناکھانے کے بجائے چھوٹے کھانے اور کم مقدار میں کھائیں اور دن میں تین بڑے کھانے کے بجائے پانچ سے چھ مرتبہ چھوٹے چھوٹے کم مقدار میں کھائیں ۔
جب آپ اپنے کھانے پینے کی عادات پر مکمل طورپر قابو پاسکتے ہیں تو آپ کے لیے یہ آسان ہوگا کہ آپ اپنی زندگی کی دیگر عادات پر بھی قابو پاسکیں گے ۔
سوئم، لمبی زندگی کی تیسری کنجی مناسب ورزش ہے ۔اس کا مطلب ہے کہ آپ ایک ہفتے میں کم ازکم دوسو منٹ یا اوسطا ً روزانہ آدھ گھٹنے سخت جسمانی سرگرمی کریں ۔آپ ہفتے میں تین سے چار دن نصف گھنٹہ یا ایک گھنٹہ کی تیزرفتار واک کی صورت میں ہی یہ تمام ورزش کرسکتے ہیں۔اس طرح اگر آپ زیادہ سنجیدہ ہیں تو آپ کو کسی ہیلتھ کلب کو جوائن کرناچاہیے یا گھر پر فٹنس کے آلات وغیرہ لانے چاہئیں اور زیادہ پابندی کے ساتھ ورزش کرنی چاہیے۔
ایک شاندار جسمانی صحت اور لمبی زندگی کی کلید یہ ہے کہ آپ اپنی صحت او رفٹنس کی سطح کے حوالے سے واضح اور مخصوص اہداف مقررکریں ۔آپ کو ایک پلان بنانا ہوگا اور پھر اس پلان کو روزانہ کی بنیادوں پر فالو کرنا ہوگا۔
صحت کے حوالے سے اس قسم کے عزم کے لیے ایک زبردست ذاتی مہارت (self-mastery)، خود پر قابو (self-control)اور خود نظمی(self- discipline) کی ضرورت ہوگی تاہم اس کا جو انعام ملے گاوہ غیرمعمولی ہوگا۔
اگر آپ کا مالی ہدف یہ ہے کہ آپ نے کم ازکم دس لاکھ ڈالر جمع کرنے ہیں تو آپ کی صحت کا ہدف یہ ہونا چاہیے کہ آپ نے زیادہ سے زیادہ عرصہ زندہ رہنا ہے تاکہ آپ اپنی دولت سے ایک شاندار لائف سٹائل پر مبنی زندگی جی سکیں ۔