جمہوریت پروان چڑھ گئی اور دو جمہوری دور حکومت اپنی مدت پوری کر گئے ہیں۔ آئیں اب ہم بھی حقیقی جمہوری رویے اپنا لیں۔ الیکشن کے ان ایام میں جمہوری طرزِ فکر کو پروان چڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
جمہوریت میں جہاں بہت ساری سیاسی جماعتیں الیکشن میں حصہ لیتی ہیں وہاں پر صحیح جماعت کا انتخاب ملک کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔ لیکن یہاں پر ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ کونسی سیاسی جماعت دوسری سیاسی جماعتوں سے بہتر ہے؟
سنئیے! تمام سیاسی جماعتوں کے اپنے اپنے پارٹی ‘منشور’ ہوتے ہیں۔ یہ منشور سیاسی جماعت کے نام کی طرح مختلف ہوتے ہیں۔ (ماسوائے اس کے کہ سب اقتدار چاہتے ہیں) اب کس سیاسی جماعت کے منشور میں کیا شامل ہے یہ جاننے کے لیے اپنے حلقہ کے امیدوار سے ضرور سوال کریں کہ انکا پارٹی منشور کیا ہے؟
کیا سابقہ دور حکومت میں (اگر انکی حکومت کہیں رہی ہے تو) اس سیاسی جماعت نے اپنے پارٹی منشور پر عمل بھی کیا تھا؟
کیا انکے پاس ایسا میکنزم بھی موجود ہے کہ وہ اپنے پارٹی منشور پر عملدرآمد کروا سکیں گے؟
کیا انکے پاس ایسے اہلیت کے مالک افراد بھی موجود ہیں جو یہ کام کر سکتے ہوں؟
سوال ضرور کریں اپنے لیے نہیں پاکستان کے لیے، اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے۔۔۔۔کیونکہ پاکستان کا مستقبل ہی آپ اور آپ کے بچوں کا مستقبل ہے۔ پاکستان کے مستقبل یعنی اپنے مستقبل کو کسی ایسے گروہ یا فرد کے حوالے مت کریں جو صرف اور صرف اپنے اقتدار کی حد تک آپ کا ساتھی ہو۔
یاد رکھیں آپ کا ووٹ صرف ایک عام سا ووٹ نہیں ہے۔ بلکہ یہ ووٹ آپ کے مستقبل، آنے والے کل کا تعین کرتا ہے۔ اپنے مستقبل کا انتخاب اب آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اس لیے اپنے ہاتھ سے اپنے مستقبل کا انتخاب انتہائی سوچ سمجھ کر کریں۔
اللّہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔
مناظر: 109