پاکستان ایک عظیم ملک ہے۔ اس کے باشندے بھی عظیم انسان ہیں۔ یہاں پر سب کچھ عظیم یا سب کچھ پاک ہے۔ عظیم اس لیے نہیں کے انہوں نے اقوام عالم بہت ہی اعلیٰ کارنامے سر انجام دئیے ہیں۔ بلکہ عظیم قوم اس لیے ہے کہ کسی ایک چیز پر انکے جذبات کو بحثیت قوم بغیر سوچے سمجھے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے ہی صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ملک اسلامی بھی ہے اور جمہوری بھی۔ اسلام کے نام پر تو یہاں بہت کچھ ہو چکا ہے مگر جمہوریت یہاں ہمیشہ چادر تان کر سوئی رہی ہے۔ اگر کبھی کبھار اس کی آنکھ کھلی بھی ہے تو کبھی اسے باگڑ بلے کے ڈر سے تو کبھی پریوں کی کہانی سنا کر دوبارہ سلا دیا گیا ہے۔ اس سارے عمل میں پاکستانی عوام کو منصوبہ بند پراپیگنڈہ کے ذریعے انکے جذبات کو ایک خاص دھارے میں موڑ کر جمہوریت کو سلانا جائز قرار دلوایا گیا ہے۔
لیکن اتنی لمبی تان کر سونے میں قصور ہمارے ان تمام سیاستدانوں کا ہے جو گودِ خاص میں بیٹھ کر اقتدار حاصل کرتے رہے ہیں۔ اب بھی میں ان سیاسی جماعتوں کے قائدین سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ مثالیں تو ترقی یافتہ ممالک کی دیتے ہیں مگر کیا آپ کی انتخابی مہم ان ممالک کے ساتھ تھوڑی سی بھی مماثلت رکھتی ہے؟ آپ کی سیاسی جماعت کا منشور کیا ہے؟ جس کے تحت آپ آئندہ حکومت بنانے کے بعد ملک کو ترقی دلوائیں گے؟
آپ کی خارجہ پالیسی کیا ہو گی؟ خارجہ پالیسی کے بغیر کیا ملک ترقی کر سکتا ہے؟
مسٔلہ کشمیر کو آپ کی جماعت حکومت میں آنے کے بعد کس طرح حل کرے گی؟
ہمسایہ ممالک کے ساتھ کس طرح کے آپ تعلقات رکھیں گے؟
ملک میں زرمبادلہ کو لانے کے لیے آپ کے پاس کیا حکمت عملی ہے؟
اپنے ملک کے تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے کن نئے ممالک کے ساتھ کونسے خطوط پر کاروبار شروع کریں گے؟
کتنے افسوس کی بات ہے کہ ہم بات تو جمہوریت کی بقا کی کرتے ہیں مگر خود جمہوریت کی روح سے کوسوں دور ہیں۔ ہم نیند سے مکمل بیدار ہوئے بغیر اونگتے ہوئے جمہوری فتح کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
اگر کسی جمہور کے دل میں سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے اور میری بات سے اختلاف ہے تو جائیں اپنے حلقہ کے امیدوار سے اس کی سیاسی جماعت کا منشور پوچھ لیں۔ وہ منشور جو اس کی پارٹی نے دسیوں صفحات پر چھاپا ضرور ہو گا مگر جس کی الف ب نہ تو امیدوار کو آتی ہو گی اور نہ ہی اسکا سپورٹر اس سے آشنا ہو گا۔
عظیم پاکستان زندہ باد_____پاک سیاست پائندہ باد
مناظر: 68