اگر آپ میں ہاتھوں سے کام کرنے کی صلاحیت ہے تو آپ ان ہاتھوں سے کئی کام انجام دے سکتے ہیں جیسے کہ آپ چیزوں کو الٹ پلٹ سکتے ہیں، مشینری چلاسکتے ہیں ، چیزوں کو مرمت کرسکتے ہیں، دوسروں کی مدد کرسکتے ہیں اوراپنے تمام کام خود انجام دے سکتے ہیں۔ اگر آپ میں اپنے جسم کو استعمال کرنے کی طاقت ہے تو آپ جسمانی طور پر ہشاش بشاش رہ کر کئی کام انجام دے سکتے ہیں۔ اگر آپ میں الفاظ کے استعمال کی بہترین صلاحیت ہے تو آپ لکھنے، پڑھنے، بولنے اور پڑھانے جیسے کئی امور انجام دے سکتے ہیں۔
اگر آپ میں پانچ حسوں کے استعمال کی صلاحیت ہے تو آپ مشاہدے، معائنے اور تشخیص جیسے کام انجام دے سکتے ہیں۔ اگر آپ نمبروں کے بھرپور استعمال کی صلاحیت رکھتے ہیں تو آپ گنتی، حساب کتاب اور ریکارڈ محفوظ کرنے جیسے کام کرسکتے ہیں۔ اگر آپ وجدان کی صلاحیت رکھتے ہیں تو آپ اس کو بنیاد بناکر کئی عمل اور آنے والے کئی مواقع اورکسی خاص صورتحال کا اندازہ لگاسکتے ہیں۔ اگر آپ میں علم اور استدلال کی صلاحیت ہے تو آپ تحقیق اورریسرچ کرسکتے ہیں اور چیزوں کو اہمیت کے حساب سے ترتیب دے سکتے ہیں۔ اگر آپ میں تخلیقی صلاحیت ہے تو آپ تصوراتی کام اچھے کرسکتے ہیں۔ نئی نئی ایجادات کرسکتے ہیں، ڈیزائننگ کرسکتے ہیں اور انجینئرنگ جیسے کام کرسکتے ہیں۔
اگر آپ میں مددگارانہ صلاحیت ہے تو دوسروں کے کام آسکتے ہیں ان کے جذبات سمجھ سکتے ہیں، انہیں متحرک کرسکتے ہیں اوراس کے علاوہ ان کی رہنمائی کرسکتے ہیں۔ اگر آپ میں جمالیاتی صلاحیت ہے تو آپ فیشن، ڈیکوریشن (آرائش) پینٹنگ، کھانا پکانے اور کئی آلات کو بھرپور استعمال کرنے جیسے کام کرسکتے ہیں۔ اگر آپ میں تابعداری کی صلاحیت ہے تو جو کام دوسروں نے تخلیق کیے ہوں آپ ان کی صحیح طور پر قدر کرتے ہوئے انجام ان کو مکمل کرسکتے ہیں، دوسروں کی ہدایات پر عمل کرسکتے ہیں اور اپنی معلومات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔
اگر آپ میں راہنمائی اور پیشوائی کی صلاحیت ہے تو آپ نئے کاموں کی شروعات کرسکتے ہیں کئی کاموں کو مدنظر رکھ کرسکتے ہیں، کئی اہم فیصلے کرسکتے ہیں اور رسک لے سکتے ہیں۔
ان میں سے کچھ صلاحیتیں آپ کے اندر بھرپور انداز میں ہوں گی لیکن کچھ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہوگی۔ آپ کو چاہیے کہ آپ ان صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں جو آپ کے اندربھرپور انداز میں ہیں اور ان صلاحیتوں کو مزید نکھاریں جنہیں نکھار کی ضرورت ہے۔ تجربات کرکے دیکھیں کیوں کہ تجربات بہت کچھ سکھاتے ہیں۔ آپ کو ہر روز کئی ایسے مواقع ملیں گے جب آپ اپنی صلاحیتوں اور ہنر میں نکھار اور مہارت پیدا کرسکیں گے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ کے اندر سیکھنے کی پیاس ہونی چاہیے۔ جو انسان دن بہ دن سیکھتا ہے وہ حقیقی معنوں میں کامیاب ترین انسان ہوتا ہے اور صحیح محنت کش وہ ہوتا ہے جو اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتا ہے۔