اپنے تئیں بہترین رکھنے کا ایک اہم طریقہ میرا جرنل (Journal) ہے۔میں نے یہ کام آج سے دس برس پہلے شروع کیا تھا اور سوچتا ہوں، کاش، میں یہ کام پہلے شروع کردیتا۔ جرنل لکھنا گویا، اپنی زندگی کی کتاب لکھنے کے مترادف ہے۔ میں واقعی چاہتا ہوںکہ آپ بہترین زندگی گزاریں اور اپنے آپ کو زندگی کے عمل میں کلی طور پر شریک کریں۔ جرنل لکھنے سے چند ہی دن میں آپ کو یہ فائدہ ہوگا۔ ذیل میں جرنل لکھنے کے چند فوائد بیان کرتا ہوں جو میں نے اپنے تجربے حاصل کیے ہیں:
1 اپنے جرنل کے صفحات پر میں اپنے عظیم خیالات محفوظ کرلیتا ہوں جو میں پڑھنا اور پھر انھیں اپنی زندگی میں لاگو کرنا چاہتا ہوں۔ اگر میں اخبار پڑھ رہا ہوں اور کسی نے کوئی دلچسپ نکتہ بیان کیا ہے تو میں اس قول کو کاٹ کر اپنے جرنل پر چسپاں کرلوں گا۔ پھر اس کے نیچے میں اپنی رائے تحریر کروں گا۔ (میں بہت زیادہ ہوائی سفر کرتا ہوں اور اپنے سفر کے دوران اپنے بریف کیس میں اپنا جرنل، ایک قینچی اور گوند کی بوتل اپنے ساتھ رکھتا ہوں۔) اگر میرے پسندیدہ ہیرو کی تصویر ہے یا کوئی ایسی تصویر جو میرے ہدف سے متعلق ہے تو میں وہ تصویر کاٹ کر اسے جرنل پر چسپاں کرلیتا ہوں۔ یہ عمل میرے اندر امید کی ہلچل مچادیتا ہے اور میرے خوابوں کو زندہ رکھتا ہے۔
2 زندگی گزارنے کے فن کا ایک سنجیدہ طالبعلم ہونے کی حیثیت سے میں نے یہ جانا کہ چیزوں کو اپنے آپ میں مربوط کرنے کیلئے ضروری ہے کہ انھیں لکھا جائے۔ میں بتاتا ہوں کہ میرا مطلب کیا ہے: جب میں کسی سیمینار میں شریک ہوتا ہوں یا کوئی کتاب پڑھتا ہوں تو اسے لکھ لیتا ہوں جس سے مجھے پتا چل جاتا ہے کہ میں نے کیا سیکھا ہے اور یہ سبق میری گہرائی میں اترتا ہے۔ یوں، یہ زیادہ ہضم ہوا اور کہیں زیادہ واضح رہا۔
3 اگر میرا دن بہت سخت ہو تو میں اپنا جرنل نکالتا ہوں اور اپنی پریشانیوں کو جرنل کے ذریعے باہر نکال پھینکتا ہوں اور اپنے تجربات کاغذ پر بیان کرتا ہوں۔ یہ عمل میرا اسٹریس نکال باہر کرتا ہے اور میں اتنا ہی بہتر محسوس کرتا ہوں جتنا کسی گہرے دوست سے بات کرکے بہتر لگتا ہے۔
4 جیسا کہ میں نے اپنی کتاب ’’لیڈرشپ وزڈم فرام دی مونک ھو سولڈ ہیز فیراری‘‘ میں لکھا ہے کہ ’’غور، دانش کی ماں ہے۔‘‘ ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں ہمیں ہر ہفتے کچھ وقت ایسا نکالنا چاہیے کہ جب ہم سوچنے کے سوا کچھ نہ کریں۔ جی، اگر آپ اپنی زندگی کے راستے پر گہرے غور وفکر کرنے اور اہم تبدیلیاں کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو آپ یقینا بار بار ایک سی غلطیاں دہرائیں گے۔ میرا جرنل مجھے یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ میں اپنے آپ سے بات کروں اور چند ذاتی تجزیے کروں۔ ایسا کرنے سے میرا ماضی میری خدمت کرتا ہے اور اگلا ہر دن پچھلے دن پر تعمیر ہوتا ہے۔