نورمن ونسنٹ پیل مشہور رُوحانی مبلّغ ہے اور لوگوں کو ان کے تھکے ماندے زندگی کے تصورات سے نکالنے کے لیے سرگرداں رہتا ہے اور نفسیات کی چھوٹی چھوٹی مگر اہم تکنیکوں کو کھول کھول کر بیان کرتا ہے۔’’نئی زندگی کا آغاز کیجیے‘‘ ایک زندگی بدل دینے والی کتاب ہے‘جس کے مطالعے سے آپ اپنے آپ میں واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔ کتاب سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اسے آہستہ آہستہ پڑھیں اور لفظوں کے مطالب پر غور کریں۔
اﷲ تعالیٰ کے قوانین اٹل ہیں اور پوری نوع انسانی کے لیے ایک ہی طرح سے قابلِ عمل ہیں۔ان میں کسی طرح کی تخصیص ممکن نہیں اور ہم اپنے آپ سے اور اﷲ کی عطا کردہ زندگی سے اتنا ہی وصول کرتے ہیں جتنا ہم یقین کرتے ہیں۔ اپنے آپ پر اور اﷲ تعالیٰ کی ذات پر ۔ یہی موضوع اس کتاب کا اصل موضوع ہے ۔اور یہی سادہ سی بات اگر سمجھ میں بیٹھ جائے اور اگر ہم اس نہج پر سوچنا شروع کردیں تو کامیاب زندگی کا آغاز ممکن ہے۔
کتاب کا تیسرا اور چوتھا باب تصاویر پر مشتمل ہے۔ سرسری نگاہ ڈالنے کی بجائے ان تصاویر کو غور سے دیکھنے سے‘ہم فطرت کے قریب ہوتے ہیں اور اپنے آپ کو روحانی طور پر صحتمند محسوس کرتے ہیں۔روحانی صحت ہی دراصل کامیاب زندگی کی ضمانت ہے۔اس کتاب میں باربار اپنی ذات پر اعتماد اور اپنے خیالات کی جانچ پڑتال پر زور دیا گیا ہے اور خیالات ہی دراصل ہمارے اعمال کے پیچھے کارفرما ہوتے ہیں۔ مثبت خیالات‘ مثبت اعمال اور مثبت زندگی کو جنم دیتے ہیں اور اسی کے برعکس بات بھی اتنی ہی درست ہے ۔ سقراط ایک مشہور یونانی فلسفی تھا۔ اس کا باپ مجسّمہ ساز تھا۔ ایک دن اس نے اپنے باپ سے پوچھا کہ ’’آپ پتھر سے شیر کیسے بنا لیتے ہیں۔‘‘ تو اس کے باپ نے جواب دیا‘’’سقراط! میں پتھر میں شیر کو دیکھتا ہوں‘جتنے اچھے طریقے سے میں پتھر میں شیر کو دیکھتا ہوں اتنے ہی اچھے طریقے سے میں شیر بنا پاتا ہوں۔‘‘اس بات کو بتانے کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنی ذات کو جیسا دیکھیں گے‘ویسا ہی بنا پائیں گے۔
کتاب کا پانچواں باب Thought Conditionerہے ۔ اس کا مطلب اپنے خیالات کو پھر سے ترو تازہ کرنا ہے۔ جیسے بالوں کو چمکدار اور حسین بنانے کے لیے ہم ہئیر کنڈیشنر استعمال کرتے ہیں اسی طرح رویّہ کوترو تازہ اور چمکدار بنانے کے لیے نورمن نے چند روحانی اقتباسات پیش کیے ہیں جو آپ کے خیالات کو تروتازہ کردیں گے۔چھٹے باب میں نورمن نئی زندگی کے آغاز کے حوالے سے کچھ اہم خیالات پیش کرتا ہے۔
روزمرہ کی زندگی کے معاملات میں اُلجھ کر آپ اکثر اہم چیزوں کو بھول جاتے ہیں اور لوگوں کے اپنے بارے میں اپنے تصورات کو سچ مان کر اپنے آپ کو بدقسمت تصور کرنے لگتے ہیںاور ناکارہ اور تھکے ہوئے خیالات آپ کے ذہن پر چھا جاتے ہیں۔ ایسی کیفیت میں اس طرح کی کتابوں کا مطالعہ ہمیں پھر سے تروتازہ کردیتا ہے اور مثبت زندگی کی جانب مائل کرتا ہے۔ جیسے کہ کتاب کے ساتویں باب’’ہر دن کیسے بہترین ہوسکتاہے‘‘میں نورمن سادہ اور قابلِ عمل تکنیکیں بتاتا ہے جس کے ذریعے ہم ہر دن کو ایک کامیاب دن بنا سکتے ہیں۔
آٹھواں باب عقیدے سے متعلق ہے اور صرف ایک ہی تصورآپ کی زندگی بدل سکتا ہے۔ اس باب میں نورمن مختلف مثالوں اور حوالوںسے آپ کو زندگی میں درپیش مشکلات پر فتح پانے‘ معاشی مشکلات سے چھٹکارے اور پریشانیوں سے نبٹنے کے گُر بتاتا ہے۔
نواں باب Anxiety(تشویش) کے متعلق ہے۔ اس باب کا مطالعہ آپ کو آج کے درپیش الجھنوں سے نجات دلانے میں مدد دے گا۔مجموعی طور پر اس کتاب کا درست مطالعہ آپ کو ایک خوشگوار اور کامیاب زندگی کی طرف راغب کرسکتا ہے۔
کتاب خریدنے کے لیے ہماری ویب سائٹ کے لنک پر جائیے یا درج ذیل نمبرز پر کال اور واٹس ایپ میسیج کیجئے. 03009426395
Nai Zindagy ka Aghaz Kijiye book (darulshaour.com)