یہ کتاب ایک بار نہیں بار بار پڑھنے کی کتاب ہے بلکہ اگر ہم دن کے آغاز ہی سے اس کتاب کا ایک باب اپنے حسب حال یعنی اپنے آپ کو درپیش صورتحال کے مطابق پڑھ لیں تو وہ باب پورا دن اس معاملے میں ہمیں توانائی فراہم کرتا رہے گا، ہماری سوچوں کو منظم اور کردار کو فعال بناتا رہے گا۔ دراصل مسلسل حالات کا جبر ہمارے اندر موجود قوتوں اور صلاحیتوں کو کند کرتا رہتا ہے اس کے لئے ضرورت ہوتی ہے کہ ہماری اس کیفیت کو کوئی تقریر،تحریریا گفتگو ختم کر کے ہمیں تروتازہ کردے۔ اس کتاب کا روزانہ ایک باب ہماری صلاحیتوں پر پڑی گرد کو صاف کرتا رہے گا اور ہم تازہ دم ہو کر حالات سے لڑتے رہیں گے۔
زندگی گزارنا ایک مشکل ہدف ہے،مشکلات سے خالی زندگی کی تمنا ایک دیوانے کا خواب ہی ہوسکتا ہے۔ مشکلات ہی ہماری زندگی کو سنوارتی اور منظم کرتی ہیں۔ کیونکہ مشکلات ہی ہمیں سوچنے اور ان کا حل ڈھونڈنے پر آمادہ کرتی ہیں ۔آج ہم اپنی زندگی میں جو بہت سی سہولتیں اور آسائشیں رکھتے ہیں وہ کسی دور میں مشکل کے بعد ہی کسی کی سوچ ،غوروفکر ،اور حل تلاش کرنے کی جدوجہد کا نتیجہ ہیں۔ لہذا مشکلات سے گھبرانا نہیں ان سے نبرد آزما ہونا ہے اور زندگی کی نئی راہیں تلاش کر کے سفر زندگی کو جاری رکھنا ہے۔
سیلف ہلپ کی کتابیں Self Help Literature)) جس بات پر سب سے زیادہ زور دیتی ہیں وہ یہ ہے کہ انسان اپنے رویوں کو بدل کر زندگی بھی بدل سکتا ہے اور رویوں کو بدلنے کے لیے سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ اس دور کی سب سے بڑی دریافت یہ ہے کہ زندگی کو بدلنے کے لیے سوچ کے انداز کو بدلیے۔انسان اپنی سوچوں،ذہنی افکار اور عادات کو بدل کر اپنی زندگی کو بھی بدل سکتا ہے۔ مگر ہم نے تو سو چنا ہی چھوڑ دیا ہے۔اپنی عادات کو بدلیے،افکار کا رخ موڑیں تو زندگی کا رخ بھی بدل جائے گا۔
اس کتاب میں مصنفین نے کامیابی کے لیے بے شمار پہلوؤں پر روشنی ڈالی ہے،اور وہ بھی آسان الفاط میں ،ان سب تحریروں کو بار بار پڑھیں اور یہ ارادہ کر لیں کہ آپ ایک سنجیدہ ، باوقار اور کبھی بھی ہمت نہ ہارنے والے انسان بن کے رہیں گے۔ اس کتاب میں آپ کو زندگی کی حقیقت اور مشکلات کا حل ملے گا۔حالات کتنے ہی سخت اور مشکل ہوں،ہمیں ہمیشہ اپنے ارادوں کو جانچنا چاہیے کہ یہ کس طرف جا رہے ہیں اور ہم ان سے کیسے نمٹ سکتے ہیں۔حالات یا مصائب کا مطلب ہمت ہار کر بیٹھ جانا نہیں بلکہ عزم کو لے کر ان پر چڑھائی کرنا ہے۔ یہی وہ سبق ہے جو اس کتاب میں ملتا ہے۔ سموئیل سمائلز (Samuel Smiles)نے 1859میں اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ کسی بھی شخص کو اپنی صلاحیتوں کو مرنے نہیں دینا چاہیے ،بلکہ ان کو مجتمع کر کے اپنے مقصد کے حصول کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔اپنے مقصد کی تکمیل کے لیے حکومتی امداد یا کسی کی بھی سرپرستی کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔
یہی پیغام اس کتاب میں موجود ہے یعنی ’’آپ!‘‘ خود کو تیار کریں! یہ کتاب آپ کے سفر زندگی کو آسان بنائے گی۔ اسے اپنے ساتھ ایسے رکھیں جیسے کوئی کسی منزل کے نقشے کو لیے لیے پھرتا ہو۔ یہ نقشہ آپ کو نہ مایوس کرے گا، نہ بھٹکنے دے گا اور نہ ہی غلط رہنمائی کرے گا۔ اور ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ نقشہ آپ کو اس قابل بنادے گا کہ آپ دوسروں کی رہنمائی کے لیے اس سے مزید آسان اور فائدہ مند نقشے پیش کرسکیں گے۔
کتاب خریدنے کے لیے ہماری ویب سائٹ کے لنک پر جائیے یا درج ذیل نمبرز پر کال اور واٹس ایپ میسیج کیجئے. 03009426395